شہباز شریف کی ازبکستان کے صدر سے ملاقات، تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 2029 تک 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صنعت، زراعت، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، کان کنی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر اور عوام کو ملک کی 35ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کونسل نے باہمی شراکت داری اور تعلقات کو نئی رفتار فراہم کی ہے۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سے متعلق فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان معاشی روابط کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔
شہباز شریف نے ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ وسطی اور جنوبی ایشیا کو آپس میں جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے منصوبے سے متعلق مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر جلد پیش رفت کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں اضافے پر بھی گفتگو ہوئی، خصوصاً تاشقند اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ براہ راست فضائی رابطوں سے کاروباری سرگرمیوں، تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ مل سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی آئندہ پاکستان کی صدارت کے لیے ازبکستان کی حمایت کو بھی سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔







