صوبے میں بدامنی اور کرپشن، سہیل آفریدی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں: محمد علی شاہ باچا

صوبے میں بدامنی اور کرپشن، سہیل آفریدی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں: محمد علی شاہ باچا

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی، امن و امان، کرپشن، ترقی اور گورننس جیسے اہم مسائل موجود ہیں، لیکن ان مسائل کے حل کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور عمران خان کے بیانیے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے اور سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ ان کے مطابق پشاور سے اپنے آبائی حلقے جانے کے بعد چارسدہ اور باجوڑ سمیت دیگر اضلاع کے دوروں کا پروگرام بھی جاری ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جن علاقوں میں پی ٹی آئی کی قیادت پہنچ رہی ہے، وہاں دیگر سیاسی جماعتوں کو جلسے، احتجاج یا عوامی اجتماعات کرنے کا مناسب موقع نہیں مل رہا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس صورتحال کا نقصان آخر کس کو ہو رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی اور امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، جبکہ گورننس اور کرپشن کے مسائل بھی موجود ہیں۔ ان کے بقول صوبائی حکومت کو ان بنیادی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

محمد علی شاہ باچا نے الزام عائد کیا کہ نوجوانوں کو مسائل کے حل کے بجائے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور ان کے ذہنوں میں نفرت اور اختلافات پیدا کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو امن، بہتر حکمرانی، روزگار اور ترقی کی ضرورت ہے، اس لیے سیاسی قیادت کو صوبے کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

More News