ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی، ریٹرننگ افسر سے تفصیلی رپورٹ طلب

این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی، الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی اور انتخابی بے ضابطگیوں کا معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پہنچ گیا، جہاں مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار قاضی ابراہیم گجر کی درخواست پر سماعت کے بعد کمیشن نے ریٹرننگ افسر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

درخواست میں ضمنی انتخاب کے نتائج اور گنتی کے عمل پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران مبینہ بے ضابطگیاں ہوئیں اور نتائج مرتب کرتے وقت ان کے تحفظات کو مناسب طور پر نہیں سنا گیا۔

سماعت کے بعد مرکزی مسلم لیگ کے سربراہ خالد مسعود سندھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ابتدائی 283 پولنگ اسٹیشنز کی گنتی میں ان کے امیدوار کے ووٹ زیادہ تھے، تاہم باقی 50 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں غیر معمولی فرق سامنے آیا۔ ان کے مطابق ان پولنگ اسٹیشنز پر مخالف امیدوار کو 19 ہزار جبکہ ان کے امیدوار کو صرف 4 ہزار ووٹ ملے۔

خالد مسعود سندھو نے الزام عائد کیا کہ این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی گئی اور ان کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں پر ریٹرننگ افسر نے مناسب کارروائی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نتائج مرتب اور جمع کرتے وقت ان کے امیدوار یا نمائندوں کو نہیں بلایا گیا، جس سے انتخابی شفافیت کے حوالے سے سوالات پیدا ہوئے ہیں۔

مرکزی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایک پریزائیڈنگ افسر نے بیلٹ بکس کی تعداد سے متعلق اپنے بیان میں بتایا کہ اسے 20 کے بجائے صرف 15 بیلٹ بکس موصول ہوئے تھے۔ خالد مسعود سندھو کے مطابق اس پریزائیڈنگ افسر کا مبینہ اعترافی بیان بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق مختلف نکات کمیشن کے سامنے رکھے گئے ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن نے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ریٹرننگ افسر سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

تاحال الیکشن کمیشن کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تصدیق یا انتخابی نتائج سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ ریٹرننگ افسر کی رپورٹ اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن آئندہ کارروائی کا تعین کرے گا۔

More News