سندھ حکومت کا آبادگاروں کیلئے 17 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے ربیع سیزن کے دوران آبادگاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام کے تحت 17 ارب روپے کی سبسڈی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سبسڈی کی رقم 20 نومبر کو آبادگاروں میں تقسیم کرنے کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 20 نومبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران آبادگاروں کو سبسڈی کی فراہمی کا افتتاح کریں گے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزراء، اراکین سندھ اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے بتایا کہ سبسڈی کی فراہمی اور آبادگاروں کی رجسٹریشن کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری زراعت محمد زمان ناریجو نے رجسٹریشن اور افتتاحی تقریب کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔
سردار محمد بخش خان مہر کے مطابق رواں ربیع سیزن میں بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے ساڑھے 5 لاکھ آبادگار اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 17 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
حکومت سندھ کے اس پروگرام کے تحت آبادگاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا مقصد زرعی شعبے کی معاونت اور گندم کی کاشت کے سیزن میں کسانوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔







