حج 2026: عازمین کے لیے پاک حج ایپ پر میڈیکل ڈیکلریشن لازمی
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے آئندہ حج کے لیے عازمین پر موبائل ایپ کے ذریعے طبی معلومات جمع کرانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پاک حج ایپ میں باقاعدہ میڈیکل ڈیکلریشن فارم شامل کر دیا گیا ہے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق تمام عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک ایپ پر موجود سوالنامہ مکمل کریں۔ فارم میں بلڈ پریشر، دل کے امراض، شوگر، دمہ، گنٹھیا اور تھائیرائیڈ سمیت مختلف بیماریوں سے متعلق تفصیلات طلب کی گئی ہیں تاکہ حج کے دوران بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
مزید برآں، ایپ میں ویزہ پرنٹ کرنے کی سہولت اور حج پروازوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کی رہنمائی کے لیے پاک حج ایپ میں مرحلہ وار نئی معلومات اور سہولیات کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔








