عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 5 فیصد گر گئیں
لندن: ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد عالمی توانائی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی کم ہونے سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات میں بھی کمی آئی، جس کا براہ راست اثر عالمی منڈی پر پڑا۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً 5 فیصد تک گر گئی ہیں۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت کم ہو کر 85 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ برطانوی برینٹ کروڈ 92.22 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی نے سرمایہ کاروں کے خدشات کو وقتی طور پر کم کیا ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں استحکام آیا اور قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ ان کے مطابق اگر خطے میں امن کی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید استحکام آنے کا امکان ہے۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں، ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور مہنگائی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم مستقبل میں قیمتوں کا انحصار مشرق وسطیٰ کی سیاسی صورتحال اور عالمی طلب و رسد پر ہوگا۔








