عالمی مارکیٹ میں سونا اور چاندی مزید سستے، قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں کمی
عالمی منڈی: عالمی مارکیٹ میں جمعہ کے روز سونے اور چاندی سمیت دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ماہرین نے بلند شرح سود کو سونے کی طلب پر اثر انداز ہونے والا اہم عنصر قرار دیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے بعد 4,576.30 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 0.8 فیصد کمی کے بعد 4,629 ڈالر فی اونس پر آگئی۔
دوسری جانب اسپاٹ سلور کی قیمت میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد چاندی 68.54 ڈالر فی اونس پر آگئی۔ پیلیڈیم کی قیمت بھی 0.8 فیصد کمی کے بعد 1,339.84 ڈالر فی اونس جبکہ پلاٹینم 0.6 فیصد کمی کے بعد 1,834.83 ڈالر فی اونس پر آگیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی شرح سود کے حوالے سے مارکیٹ میں اضافے کے امکانات بھی زیر بحث ہیں۔ موجودہ صورتحال میں شرح سود بلند رہنے کی توقعات قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق سونا عموماً کوئی باقاعدہ منافع یا سود فراہم نہیں کرتا، اس لیے جب شرح سود بلند ہو تو سرمایہ کاروں کے لیے سونے کے بجائے سود دینے والے اثاثے نسبتاً زیادہ پرکشش ہوجاتے ہیں۔ اس صورتحال میں سونے کی طلب کم ہونے سے اس کی قیمت پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
عالمی اقتصادی صورتحال، امریکی مالیاتی پالیسی، ڈالر کی قدر اور شرح سود میں ممکنہ تبدیلیاں آئندہ دنوں میں سونے اور دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کے لیے اہم عوامل ثابت ہوسکتی ہیں۔








