عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، قیمت 103 ڈالر سے تجاوز کر گئی
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، برینٹ خام تیل کی قیمت 103 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 14 سینٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 103 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔ دوسری جانب امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی 34 سینٹ اضافے کے بعد 89 ڈالر 72 سینٹ فی بیرل پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اہم وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کی آمادگی کی تردید کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ایران سے متعلق پابندیوں اور عالمی سپلائی کے امکانات میں تبدیلیوں نے تیل کی قیمتوں پر اثر ڈالا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت رواں ماہ تقریباً 14 فیصد اضافے کی جانب گامزن ہے، جو جولائی کے بعد سب سے بڑا ماہانہ اضافہ ہوگا۔ اسی طرح امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں رواں ماہ تقریباً 4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث مختلف ممالک کی معیشتوں، درآمدی اخراجات اور مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔








