عمران اشرف کے انتقال کی خبر جعلی نکلی، اداکار نے خود حقیقت بتادی

عمران اشرف کے انتقال کی خبر جعلی نکلی، اداکار نے خود حقیقت بتادی

کراچی: معروف پاکستانی اداکار اور میزبان عمران اشرف نے اپنے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبر کی تردید کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں عمران اشرف کے انتقال کی جھوٹی خبر دی گئی۔ ویڈیو کے پھیلنے کے بعد اداکار کے مداحوں میں تشویش پیدا ہوگئی اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔

صورتحال کے بعد عمران اشرف نے خود سامنے آکر وضاحت کی۔ اداکار نے انسٹاگرام پر جاری اپنی پوسٹ میں بتایا کہ الحمدللہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور ان کے انتقال سے متعلق وائرل ہونے والی خبر مکمل طور پر جعلی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے اپنے لیے دعاؤں کی بھی اپیل کی۔

رپورٹس کے مطابق یہ جعلی ویڈیو ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی تھی، جہاں اسی نوعیت کی مزید مصنوعی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ ان ویڈیوز میں سینئر صحافیوں، کرکٹرز اور دیگر اداکاروں کو عمران اشرف کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

واقعے نے سوشل میڈیا پر جعلی اور AI سے تیار کردہ مواد کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی سوالات اٹھا دیے۔

More News