عمران خان کا پمز اسپتال میں معائنہ، میڈیکل بورڈ نے بینائی تسلی بخش قرار دیدی

پمز اسپتال میں عمران خان کا معائنہ، بینائی تسلی بخش قرار

اسلام آباد:ویب ڈیسک

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا پمز اسپتال میں آنکھوں کا تفصیلی معائنہ مکمل کر لیا گیا، جہاں طبی بورڈ نے ان کی بینائی کو تسلی بخش قرار دے دیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو ان کی رضامندی سے پمز منتقل کیا گیا، جہاں انہیں آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں تیسرا خصوصی انجیکشن دیا گیا۔ تمام طبی عمل آپریشن تھیٹر میں مکمل احتیاطی تدابیر اور طے شدہ طریقہ کار کے تحت انجام دیا گیا۔

معائنے کے بعد طبی بورڈ نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی بینائی بہتر ہے اور ان کی مجموعی صحت بھی مستحکم رہی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق انجیکشن لگانے کے بعد انہیں فارغ کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 24 فروری کو بھی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے پمز منتقل کیا گیا تھا، جہاں آنکھوں کے معائنے کے بعد انہیں انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی تھی۔ اس دوران دل کے ماہر ڈاکٹرز کی جانب سے مختلف ٹیسٹ بھی کیے گئے جن کے نتائج معمول کے مطابق آئے تھے۔

ڈاکٹروں کے مطابق علاج کے دوران اور بعد میں عمران خان کی حالت تسلی بخش رہی اور انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا گیا۔

More News