سعودی وزارت حج نے عمرہ ویزا ہولڈرز کو وارننگ جاری کردی

سعودی عرب: عمرہ زائرین کیلئے 18 اپریل تک ملک چھوڑنے کی ہدایت، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

ویب ڈیسک

سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام عمرہ ویزا ہولڈرز 18 اپریل تک لازمی طور پر مملکت سعودی عرب چھوڑ دیں۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے آنے والے زائرین اپنی ویزا میعاد ختم ہونے سے قبل اپنے اپنے ممالک کو واپس روانہ ہو جائیں اور مقررہ وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ حکام کے مطابق یہ ہدایات حج سیزن کی تیاریوں کے پیش نظر جاری کی گئی ہیں تاکہ آئندہ انتظامات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا کہ مقررہ تاریخ کے بعد مملکت میں قیام کرنے والے افراد کو خلاف ورزی کا مرتکب تصور کیا جائے گا، جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کارروائی میں جرمانے، قید اور مستقبل میں سعودی عرب میں داخلے پر پابندی جیسے اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

حکام نے تمام عمرہ زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور بروقت واپسی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

More News