عوام کے لیے بڑا ریلیف، فیول سبسڈی دسمبر کے آخر تک جاری رہے گی، وزیراعظم کا اعلان

فیول سبسڈی دسمبر کے آخر تک جاری رکھنے کا اعلان، عوام کو مہنگائی سے بچانے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق فیول سبسڈی سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد مستفید ہوچکے، اسکیم کے لیے 28 ارب روپے جاری کیے گئے، خیبرپختونخوا کے لیے امن و ترقی کی خاطر 160 ارب روپے کے پیکیج کی بھی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم دسمبر 2026 کے آخر تک جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات اور عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عام شہریوں پر منتقل نہیں ہونے دیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ فیول سبسڈی اسکیم سے اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں، جبکہ اس پروگرام کے لیے 28 ارب روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ بھی عوام پر منتقل نہیں کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم نے ریفائنریز کے ساتھ اہم مذاکرات کیے ہیں۔ فیول سبسڈی اسکیم میں تعاون نہ کرنے والے پٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ مستحق افراد کو بروقت ریلیف مل سکے۔

وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایل این جی کی فراہمی کے معاملات اب مسابقت اور شفافیت کی بنیاد پر چلائے جارہے ہیں۔ پی ایس او اور پارکو جیسے سرکاری اداروں کے ذریعے امور انجام دیے جارہے ہیں، جبکہ ایل پی جی کی فراہمی کے لیے بھی باقاعدہ نظام تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایل این جی، ایل پی جی اور تیل کی دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔

پاکستان کی سفارتی کوششیں اور علاقائی امن

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ایران کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تہران میں ایرانی قیادت کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اجلاس بھی ہوا، جس میں بات چیت خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی۔

خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کا پیکیج

شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 160 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ 2018 میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگیا تھا، تاہم بعد میں اس ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا۔

انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو جی 24 کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی استحکام، عوامی ریلیف اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

More News