عیدالفطر کی آمد میں اب تقریباً دس دن باقی رہ گئے ہیں اور اس موقع پر حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے ایک اہم سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔
رمضان المبارک کے اختتام پر منائی جانے والی عیدالفطر مسلمانوں کا ایک بڑا مذہبی تہوار ہے جسے لوگ اپنے خاندان اور عزیز و اقارب کے ساتھ خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔ اس خوشی کے موقع کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومتوں نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے خصوصی اقدام کیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق وفاقی اور صوبائی اداروں میں کام کرنے والے تمام حاضر سروس ملازمین اور ریٹائرڈ پنشنرز کو مارچ کی تنخواہ، پنشن اور دیگر الاؤنسز عیدالفطر سے پہلے ادا کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تمام مسلم سرکاری ملازمین، پنشنرز، ورک چارجڈ اور کنٹیجینٹ پیڈ عملے کو 16 مارچ 2026 کو مکمل تنخواہ، پنشن اور الاؤنسز جاری کر دیے جائیں گے تاکہ وہ عید کی تیاری باآسانی کر سکیں۔
اس سلسلے میں متعلقہ حکام نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی ہے کہ پے رول اور پنشن کی ادائیگی کا عمل بروقت مکمل کیا جائے، تاکہ عید کی تعطیلات سے پہلے ہی ملازمین اور پنشنرز کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل ہو جائے۔
واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کے مطابق اس سال پاکستان میں رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کا امکان ہے اور عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ کو منائے جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔








