عید الاضحی کی آمد پر پنجاب حکومت اپنی صفائی ستھرائی کی روایات پوری کرے گا ،عظمیٰ بخاری

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب حکومت صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنائے گی اور اس حوالے سے خصوصی عید آپریشن ترتیب دے دیا گیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال کی طرح اس بار بھی عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی، جبکہ صوبائی وزیر ذیشان رفیق کی کارکردگی شہری صفائی کے حوالے سے ایک مثال بن چکی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مویشی منڈیاں صرف حکومت کی جانب سے مقرر کردہ مقامات پر ہی لگانے کی اجازت ہوگی اور غیر قانونی منڈیوں کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیوپاریوں اور شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ سیکیورٹی کے لیے پیرا فورس بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ خرید و فروخت کا عمل محفوظ اور منظم رہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ پور کانجراں میں ایک جدید اور خوبصورت بکرا منڈی قائم کی گئی ہے جہاں صفائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو بہتر بنایا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے باعث اب تک مویشی منڈیوں میں فراڈ، چوری یا دیگر جرائم کے نمایاں واقعات رپورٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں کو عرق گلاب سے دھونے کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ عبادت گاہوں میں خوشگوار اور پاکیزہ ماحول قائم رکھا جا سکے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایک بڑی آبادی والا صوبہ ہے جہاں تقریباً تیرہ کروڑ افراد رہتے ہیں، اس لیے صفائی آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آلائشیں جمع کرنے کے لیے ایک کروڑ بیس لاکھ خصوصی بیگز تقسیم کیے جائیں گے جبکہ عید صفائی آپریشن میں ایک لاکھ چوراسی ہزار سینیٹری ورکرز حصہ لیں گے۔

ذیشان رفیق کے مطابق عید کے تینوں دن چوبیس گھنٹے صفائی آپریشن جاری رکھا جائے گا اور ساٹھ ہزار سے زائد مشینیں اور گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر کی ہر یونین کونسل میں عید آپریشن کیمپ قائم کیا جائے گا جن کی مجموعی تعداد چار ہزار پانچ سو ہوگی۔ مزید برآں صفائی کے دوران ایک لاکھ پچاس ہزار لیٹر فنائل اور چالیس ہزار لیٹر عرق گلاب استعمال کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بدبو اور آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

More News