فیلڈ مارشل عاصم منیر سے شامی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات
چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور شام کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے اور دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شام کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور عالمی امن و علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔
ملاقات میں مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ شامی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
دونوں جانب سے دفاع، سکیورٹی اور علاقائی امن کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔







