فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ میں اہم ملاقاتیں، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ میں اہم ملاقاتیں، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورۂ ترکیہ کے دوران سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یاشار گولر اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بائراکتار اولو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دفاعی تعاون اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام شریک ہوئے، جس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک رابطہ کاری اور دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

اجلاس میں تینوں ممالک نے باہمی اسٹریٹجک روابط، دفاعی تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے سعودی عرب میں ایک مستقل سیکریٹریٹ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، جو مشترکہ دفاعی سرگرمیوں میں رابطہ کاری کا مرکزی کردار ادا کرے گا۔ ابتدائی طور پر سیکریٹری جنرل کا منصب تین سال کے لیے پاکستانی عہدیدار کے پاس ہوگا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ ترکیہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ تینوں ممالک نے علاقائی سیکیورٹی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

More News