فیول ریلیف سے کوئی مستحق محروم نہ رہے، حمزہ شہباز

فیول ریلیف سے کوئی مستحق محروم نہ رہے، حمزہ شہباز

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لاعلمی یا ڈیجیٹل مشکلات کے باعث کوئی مستحق شہری فیول ریلیف سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ ریلیف کا اصل مقصد صرف اعلان کرنا نہیں بلکہ ہر مستحق گھرانے تک اس کا فائدہ پہنچانا ہے۔

وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے جائزہ اجلاس میں حمزہ شہباز نے خصوصی شرکت کی، جہاں اسکیم پر پیش رفت اور مستحق افراد تک ریلیف کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت 28 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز ہوچکی ہیں جبکہ 15 لاکھ سے زائد افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ریاست ایسے شہریوں تک خود پہنچے گی جو کسی وجہ سے اپنی مدد کے لیے متعلقہ نظام تک نہیں پہنچ سکتے۔ ان کے مطابق مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ریلیف پروگرام کا بنیادی مقصد ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ مستحق خاندان کسی رکاوٹ کے باعث سہولت سے محروم نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسکیم کا دائرہ مزید وسیع کرنے اور اس کا طریقہ کار آسان بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک ریلیف پہنچایا جاسکے۔ حمزہ شہباز نے رجسٹریشن، ٹوکن کے اجرا اور ریلیف کے استعمال کی روزانہ کی بنیاد پر آئی ٹی اور ڈیٹا مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوامی فیڈبیک کو بھی اسکیم میں بہتری کے لیے استعمال کیا جائے۔ ان کے مطابق آنے والے دنوں میں زیادہ مستحق خاندانوں کو فیول ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

حمزہ شہباز نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل نظام سے ناواقف افراد یا تکنیکی مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ متعلقہ اداروں کو ایسے افراد کی رہنمائی اور معاونت کے لیے مؤثر طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا تاکہ ریلیف کی سہولت حقیقی طور پر ضرورت مند خاندانوں تک پہنچ سکے۔

اجلاس میں اسکیم کے مختلف مراحل، رجسٹریشن کے عمل، ٹوکن کے اجرا اور ریلیف کے استعمال سے متعلق ڈیٹا کا جائزہ بھی لیا گیا۔ حکام کی جانب سے پروگرام کی نگرانی اور اس کی رسائی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

More News