پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی، سائبر کرائم اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی، سائبر کرائم اور پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس افسران کی تربیت اور ادارہ جاتی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے وفود نے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران سائبر کرائم کی روک تھام اور اس شعبے میں تکنیکی تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا ملک سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مہارت، تجربے اور جدید تکنیکی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیام امن، استحکام اور تعمیر نو کے عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا کے تعاون سے سوڈان میں اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سوڈان میں سول رجسٹریشن کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے نادرا آئندہ بھی تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے بھی مکمل تعاون کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اداروں کے روابط مزید مضبوط ہوسکیں۔

ملاقات میں سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کو درپیش ویزا مسائل کی نشاندہی بھی کی، جس پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ان مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سوڈانی شہری پاکستان میں دستیاب طبی سہولیات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں اور صحت کے شعبے میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

سوڈانی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ڈی جی پاسپورٹ اور اسلام آباد پولیس کے سربراہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

More News