قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے، 16 نکاتی ایجنڈا جاری
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے طلب کرلیا گیا ہے، جس کا 16 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں مختلف اہم بلز کے ساتھ عوامی نوعیت کے اہم مسائل بھی زیر بحث آئیں گے۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک، حدیث، نعت اور قومی ترانے سے ہوگا، جس کے بعد ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے جائیں گے۔ ایجنڈے میں اسلام آباد کے میڈیکل کالجز اور نجی اسپتالوں کی بھاری فیسوں سے متعلق معاملہ بھی شامل ہے۔
ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نیشنل اسکلز یونیورسٹی ترمیمی بل 2026، وفاقی اردو یونیورسٹی ترمیمی بل 2026 اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کریں گے۔
دوسری جانب وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نیشنل میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کریں گے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں دیگر قانون سازی اور عوامی اہمیت کے معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں، جبکہ ارکان کی جانب سے مختلف سوالات اور مسائل ایوان میں اٹھائے جانے کا امکان ہے۔





