قومی اقلیتی دن پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا بڑا پیغام، قائداعظم کے وژن کی یاد تازہ کردی

قومی اقلیتی دن پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا بڑا پیغام، قائداعظم کے وژن کی یاد تازہ کردی

اسلام آباد: پاکستان میں آج 11 اگست کو قومی اقلیتی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اقلیتی برادری کے حقوق کو اجاگر کرنے، ان کی خدمات کو سراہنے اور ملکی ترقی میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

قومی اقلیتی دن بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کو قانون ساز اسمبلی میں کیے گئے تاریخی خطاب کی یاد دلاتا ہے۔ قائداعظم نے اپنے خطاب میں تمام شہریوں کے لیے بلاامتیاز مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور ریاست میں برابر کی حیثیت کے اصولوں پر زور دیا تھا۔

پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار نمایاں رہا ہے۔ مسیحی برادری سمیت ہندو، سکھ اور دیگر اقلیتی برادریاں تعلیم، صحت، تجارت، دفاع، سرکاری خدمات اور دیگر شعبوں میں ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ قومی اقلیتی دن کے موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں قومی اقلیتی دن منانے کا آغاز 11 اگست 2009 کو اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور حکومت میں ہوا۔ ہر سال اس دن مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں اقلیتی برادریوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور قومی زندگی میں ان کی شمولیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

اقلیتیں برابر کی شہری ہیں، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری پاکستان کی برابر کی شہری ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اقلیتی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قومی اقلیتی دن قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور آئین پاکستان میں درج مساوات، آزادی، انسانی وقار اور شمولیت کے اصولوں سے تجدید عہد کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کی تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت

تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سینیٹر دنیش کمار، سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی سمیت متعدد سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر سینیٹرز طاہر خلیل سندھو، بشریٰ انجم بٹ، فیصل سلیم رحمان، شہادت اعوان، ناصر بٹ اور کامران مرتضیٰ بھی موجود تھے۔ ارکان اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی، سیکریٹری سینیٹ سید حسنین حیدر، پارلیمنٹیرینز مینارٹیز کاکس کے ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

More News