لاہور میں آج بھی بارش کا امکان، مون سون کا سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی
لاہور: شہر میں آج زیادہ تر موسم ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہنے کی توقع ہے۔
مون سون سسٹم کے تحت لاہور میں آج صبح فرخ آباد میں سب سے زیادہ 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلشن راوی اور سگیاں پل میں 34، سمن آباد میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جس کے باعث گزشتہ دو سے تین روز کے دوران درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔








