لیبیا میں لاپتہ نوجوانوں کے اہلخانہ کی حکومت سے مدد کی اپیل
پشاور: لیبیا میں لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے اپنے پیاروں کا سراغ لگانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ خاندانوں نے بتایا کہ دسمبر 2025 سے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 37 نوجوان لاپتہ ہیں۔ ان کے مطابق ایجنٹ بھاری رقوم لے کر نوجوانوں کو مختلف ممالک کے راستے یورپ بھیجنے کا جھانسہ دیتے ہیں، تاہم ان میں سے کئی افراد راستے میں لاپتہ ہو جاتے ہیں۔
اہلخانہ کا کہنا تھا کہ بے روزگاری اور غربت کے باعث تعلیم یافتہ نوجوان بیرون ملک جانے پر مجبور ہیں۔ اگر ملک میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تو نوجوان جان جوکھوں میں ڈالنے پر مجبور نہ ہوں۔
متاثرین نے کہا کہ انہوں نے نوجوانوں کی تلاش کے لیے ہر ممکن ادارے اور متعلقہ حکام سے رابطہ کیا، مگر اب تک ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔ انہوں نے آرمی چیف، وزیراعظم اور متعلقہ ریاستی اداروں سے اپیل کی کہ لاپتہ نوجوانوں کا سراغ لگا کر انہیں ان کے اہلخانہ سے ملانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔








