مانسہرہ میں مبینہ غیرت کے نام پر نوجوان لڑکا اور لڑکی قتل
مانسہرہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے نوجوان لڑکے اور لڑکی کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ مانسہرہ میں پیش آیا، جہاں 28 سالہ نوجوان گل نواز اور 18 سالہ لڑکی کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں مقتولین کا تعلق بٹگرام کے علاقے شملائی ہل سے بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں لڑکی کے بھائی عابد پر مبینہ طور پر فائرنگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر قتل کی وجہ غیرت کے نام پر پیش آنے والے تنازع کو قرار دیا جارہا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مبینہ ملزم کی گرفتاری سمیت دیگر قانونی کارروائی کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کی لاشیں ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔








