مانسہرہ میں گھر کے اندر فائرنگ، 3 بھائی جاں بحق
مانسہرہ: ضلع مانسہرہ کے علاقے کرکلا میں رشتے کے تنازع پر مسلح افراد کی جانب سے گھر میں گھس کر فائرنگ کرنے کے نتیجے میں تین بھائی جاں بحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے گھر کے اندر موجود افراد کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے تین افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ زخمی بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث دو خواتین سمیت نو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔








