پشاور بورڈ نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کی تاریخ کا اعلان کر دیا
پشاور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کے اجرا کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پشاور بورڈ کے مطابق امتحانی نتائج 4 اگست کو دوپہر 2 بجے کے بعد جاری کیے جائیں گے، جبکہ اسی روز نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق طلبہ و طالبات اپنے نتائج پشاور بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کر سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ڈی ایم سیز 10 اگست سے دستیاب ہوں گی۔ ریگولر طلبہ اپنی متعلقہ درسگاہوں سے، جبکہ نجی امیدوار بورڈ کی جانب سے مقرر کردہ مراکز سے اپنی ڈی ایم سیز وصول کر سکیں گے۔
پشاور بورڈ نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نتائج سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ سے رابطے میں رہیں۔








