محکمہ ریلیف کی مسنگ سرکاری گاڑیوں کا معاملہ، ثمر ہارون بلور کا بڑا اقدام

محکمہ ریلیف کی مسنگ سرکاری گاڑیوں کا معاملہ، ثمر ہارون بلور کا بڑا اقدام

پشاور: مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے محکمہ ریلیف اور اس کے ماتحت اداروں کی سرکاری گاڑیوں کے ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ 13 سال کے دوران مسنگ اور ناقابلِ سراغ سرکاری گاڑیوں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ ریلیف کے زیر استعمال تمام سرکاری گاڑیوں کا جامع ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ ریکارڈ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز، کمپنیوں، ماڈلز اور دیگر ضروری کوائف شامل کیے جائیں، جبکہ گاڑیاں استعمال کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے نام، عہدے اور ان کے زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

مشیر گورنر نے گزشتہ 13 سال کے دوران مسنگ یا غیر حساب شدہ گاڑیوں کی نشاندہی کرنے اور ان کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا تعین کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ افراد کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ متعلقہ افسران اور اہلکار 72 گھنٹوں کے اندر سرکاری گاڑیاں واپس پیش کریں، بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ثمر ہارون بلور نے محکمہ ریلیف کو تمام مطلوبہ معلومات کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد پانچ روز کے اندر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ گاڑیوں کے ریکارڈ میں موجود خامیوں اور بے ضابطگیوں کی حقیقت سامنے لائی جا سکے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

اس موقع پر ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ سرکاری گاڑیاں اور دیگر وسائل عوام کی امانت ہیں، ان کے تحفظ اور درست استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اثاثوں کے ریکارڈ میں شفافیت، جوابدہی اور ذمہ داران کا تعین حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری وسائل کے غیر ضروری استعمال، غفلت اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے ضروری قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

More News