ہاکی: پاکستان کا بھارت میں ایشین چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار

ہاکی: پاکستان کا بھارت میں ایشین چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین چیمپیئنز ٹرافی 2026 کے ٹورنامنٹ کو بھارت سے کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے یا پاکستان کے تمام میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کی درخواست کردی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ باضابطہ درخواست پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ حساس صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایشین ہاکی فیڈریشن کو دی گئی ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنانا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت اور عالمی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان ایشین ہاکی فیڈریشن سے منسلک تمام ممالک، بشمول بھارت، کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے، تاہم ٹورنامنٹ کے مقام سے متعلق سکیورٹی معاملات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

متوقع شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ میں بھارت، پاکستان، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ لیگ مرحلے کے میچز جالندھر جبکہ سیمی فائنل اور فائنل موہالی میں کھیلے جانے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن نیوٹرل وینیو کی درخواست پر مثبت غور کرے گی تاکہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں مکمل شرکت یقینی بنائی جاسکے۔

More News