مصباح ارشد مس یونیورس پاکستان 2026 منتخب
پاکستان کو عالمی حسن کے مقابلے میں ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا، جہاں مصباح ارشد کو مس یونیورس پاکستان 2026 منتخب کرلیا گیا۔ ان کی کامیابی کا اعلان فلپائن میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں مس یونیورس پاکستان کے فرنچائز مالک جوش یوگن نے انہیں اعزازی پٹی پہنائی جبکہ سابق مس یونیورس پاکستان روما ریاض نے تاج پہنایا۔
مصباح ارشد کا انتخاب آخری مرحلے میں پوچھے گئے سوال کے جواب کی بنیاد پر کیا گیا۔ فلپائن کے موسیقار اور اداکار بیلی مے نے ان سے سوال کیا کہ اگر انہیں اپنی 10 سالہ اور 80 سالہ شخصیت کے ساتھ ایک کمرے میں بٹھایا جائے تو ان میں سے کون ان سے زیادہ مشکل سوال کرے گی؟
مصباح ارشد نے جواب دیا کہ ان کی 10 سالہ شخصیت زیادہ مشکل سوال کرے گی، کیونکہ وہ ان سے پوچھے گی کہ زندگی آخر کیسی گزری۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کم عمر شخصیت کو بتائیں گی کہ زندگی میں کئی مرتبہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اصل کامیابی ہر بار دوبارہ اٹھ کھڑے ہونے میں ہے۔
مصباح نے زندگی کو ایک خوبصورت سفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو زندگی کو صرف قبول نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسے بھرپور انداز میں جینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات انسان کو مزید مضبوط اور کامیاب بناتی ہیں۔
مصباح ارشد نفسیات کی طالبہ ہیں اور انہیں عالمی حسن کے مقابلوں میں شرکت کا بھی تجربہ حاصل ہے۔ وہ 2023 میں جاپان میں منعقدہ مس انٹرنیشنل مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں، جبکہ 2024 میں پولینڈ میں ہونے والے مس سپرا نیشنل مقابلے میں بھی شریک ہوئیں۔
مس یونیورس پاکستان 2026 منتخب ہونے کے بعد مصباح ارشد اب پورٹو ریکو روانہ ہوں گی، جہاں وہ مس یونیورس کے 75ویں عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
مصباح ارشد کی کامیابی کو پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جبکہ ان کی آئندہ عالمی مقابلے میں شرکت پاکستانی نمائندگی کے حوالے سے بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔





