ملزمہ انمول عرف پنکی کا بھائی کامران کراچی سے گرفتار

ملزمہ انمول عرف پنکی کا بھائی کامران کراچی سے گرفتار، منشیات برآمد

کراچی میں پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ انمول عرف پنکی کے بھائی کامران مراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت کامران مراد ولد مراد بخش کے نام سے ہوئی ہے، جسے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے دو کلو سے زائد چرس، آدھا کلو آئس (کرسٹل میتھ)، متعدد موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔ برآمد ہونے والی منشیات اور دیگر سامان کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کامران مراد کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ اس سے مزید تفتیش بھی جاری ہے تاکہ منشیات کی سپلائی چین اور اس کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔

حکام کے مطابق کامران مراد مبینہ کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کا بھائی ہے اور وہ اس سے قبل بھی منشیات سے متعلق مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے اور شہر میں منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

More News