ڈی آئی خان: غگ ایکٹ کے مقدمے میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، اسلحہ بھی برآمد

ڈی آئی خان: غگ ایکٹ کے مقدمے میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، اسلحہ بھی برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں تھانہ یونیورسٹی پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے غگ ایکٹ کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ ضیاء الدین احمد کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ یونیورسٹی عطاء اللہ خان کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت وریشم گل ولد ثمر گل اور محمد خلیل ولد وریشم گل، قوم بھٹنی، سکنہ جنڈولہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے بعد گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول اور 47 کارتوس بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف غگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج تھا اور انہیں خفیہ اطلاع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ برآمد ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس مقدمے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا سکے۔

ڈیرہ پولیس نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے خلاف ہر قسم کے جرائم، خصوصاً غگ جیسی فرسودہ اور غیر قانونی رسم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ پولیس کے مطابق قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ معاشرے میں امن و امان، قانون کی بالادستی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور خواتین کی عزت و وقار کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک اور محفوظ بنایا جا سکے۔

More News