ملک بھر میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند
اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، متعدد مقامات پر بارشی پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک، حضرو، گجرات اور صوابی سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث سڑکیں پانی سے بھر گئیں اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح بلند ہونے پر انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش کے باعث ضلعی انتظامیہ نے الرٹ برقرار رکھا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سینیٹیشن ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب ہیڈ بلوکی کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی آمد 41 ہزار 790 کیوسک جبکہ اخراج 15 ہزار 740 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق اپ اسٹریم پانی کی سطح 633 فٹ جبکہ ڈاؤن اسٹریم سطح 619.50 فٹ ریکارڈ ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق لوئر باری دوآب کینال میں 7 ہزار 50 کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے جبکہ بلوکی سدنک سے پانی کا اخراج 19 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گجرات میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ صوابی میں بھی شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔








