راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی، صدر مملکت اور مسلح افواج کے سربراہان کا خراجِ عقیدت

راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی، صدر مملکت اور مسلح افواج کے سربراہان کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر اور نشانِ حیدر کے حامل راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور مسلح افواج کے سربراہان نے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1971 میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور عزت کے تحفظ کے لیے لازوال قربانی دی۔

مسلح افواج کے سربراہان کا کہنا تھا کہ راشد منہاس شہید کا بے لوث عمل مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جرات، وفاداری اور عزم کی روشن مثال ہے، ان کی لازوال میراث قوم اور مسلح افواج کو فرض شناسی اور حب الوطنی کا جذبہ دیتی رہے گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی راشد منہاس شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کم عمری میں وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرکے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کے سب سے کم عمر نشانِ حیدر راشد منہاس کی عظیم قربانی قومی تاریخ کا روشن باب ہے، جو آنے والی نسلوں کو جرات، عزم اور وطن سے وفاداری کا پیغام دیتی ہے۔

ایوانِ صدر کے اعلامیے کے مطابق قوم اپنے اس عظیم سپوت، دیگر شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قومی ہیروز کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔

More News