موٹروے پولیس کی بڑی کارروائی، بھاری اسلحہ برآمد، 2 ملزمان گرفتار
روہڑی: موٹروے پولیس نے ایم-5 موٹر وے پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق کارروائی روہڑی کے قریب کی گئی، جہاں اوور اسپیڈنگ کرنے والی ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ موٹروے پولیس نے تعاقب کے بعد گاڑی کو روک کر تلاشی لی تو اس میں بڑی مقدار میں اسلحہ موجود تھا۔
برآمد ہونے والے اسلحے میں 14 ایس ایم جی رائفلیں، ایک شاٹ گن، 19 تیس بور پستول، 4 نائن ایم ایم پستول اور 18 ہزار سے زائد گولیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 46 ایس ایم جی میگزین، 43 پستول میگزین اور 4 ٹیلی اسکوپس بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبید اللہ اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق بالترتیب پشاور اور کوہاٹ سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی کے ذریعے پشاور سے اندرون سندھ اسلحہ منتقل کیا جا رہا تھا۔
موٹروے پولیس نے ملزمان، اسلحہ اور گولہ بارود کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سکھر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔








