مکہ باہمی دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر ترکیہ پہنچ گئے
پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ باہمی دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ عسکری و سفارتی حکام شرکت کریں گے۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون سے متعلق معاہدے کے خدوخال، پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ و دفاع کے علاوہ تینوں ممالک کے چیفس آف جنرل اسٹاف بھی شریک ہوں گے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر استنبول پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ اجلاس میں شرکت کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔ دورے کے دوران علاقائی سیکیورٹی، دفاعی تعاون اور باہمی عسکری روابط سے متعلق امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کے پہلے اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کے امور سرفہرست ہوں گے۔ اس کے علاوہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، مسلح افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی، مشترکہ تربیت اور دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں مشترکہ پیداوار اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔ اجلاس میں اس بات پر غور ہوسکتا ہے کہ موجودہ دفاعی تعاون کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے کن اقدامات کی ضرورت ہے۔
پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک روابط کے تناظر میں مکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اجلاس کے ذریعے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے عملی پہلوؤں کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، ابھرتے ہوئے خطرات اور مشترکہ چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ تینوں ممالک کے حکام دفاعی تعاون کو مؤثر بنانے اور باہمی رابطوں کے فروغ کے لیے مستقبل کے اقدامات پر بھی غور کریں گے۔








