مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر وزارتِ اطلاعات کی جانب سے خصوصی نغمہ جاری
اسلام آباد: پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے خصوصی نغمہ جاری کردیا گیا۔
خصوصی نغمے کے بول “ایک اللہ، ایک رسول ﷺ، ایک قرآن، ایک کلمہ، ایک قبلہ، ایک پہچان” تینوں برادر اسلامی ممالک کے مشترکہ دینی، تہذیبی اور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔
نغمے میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور مشترکہ دفاعی عزم کو نمایاں کیا گیا ہے۔ خصوصی نغمے کے ذریعے تینوں ممالک کے تاریخی، مذہبی اور دفاعی تعلقات، باہمی تعاون، اخوت اور مشترکہ مفادات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق نغمہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے ساتھ ساتھ مسلم اُمہ کے اتحاد، امن اور استحکام کے مشترکہ وژن کی بھی ترجمانی کرتا ہے۔
نغمے میں تینوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی اعتماد کے مضبوط رشتے کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے تینوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت، یکجہتی اور مشترکہ اقدار کے پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
خصوصی نغمے میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب ایمان، اخوت اور باہمی تعاون کے مضبوط رشتے میں متحد رہیں گے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔





