مہنگے پیٹرول کے خلاف خواجہ سرا بھی سڑکوں پر نکل آئے

مہنگے پیٹرول کے خلاف خواجہ سرا بھی سڑکوں پر نکل آئے

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف خواجہ سرا برادری بھی احتجاج کے لیے سڑکوں پر آگئی۔ کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے میں خواجہ سرا کمیونٹی کے متعدد افراد نے شرکت کی اور حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں معروف سماجی رہنما بندیا رانا اور شہزادی رائے سمیت دیگر خواجہ سرا کارکنان شریک ہوئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور “پیٹرول کی قیمتیں کم کرو” اور “پیٹرول بم بند کرو” جیسے نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے مہنگائی میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

خواجہ سرا برادری کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی محدود معاشی وسائل کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے ان کے روزگار اور آمدنی کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے سے نہ صرف آمدورفت مشکل ہوئی ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی محدود ہوتے جا رہے ہیں۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عوام دوست پالیسی اپنائی جائے تاکہ مہنگائی کا بوجھ کم ہو سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے خصوصی سماجی تحفظ، مالی معاونت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔

خواجہ سرا رہنماؤں نے کہا کہ ان کی برادری کو دیگر شہریوں کی طرح مساوی حقوق، جان و مال کا تحفظ اور معاشی مواقع فراہم کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی مہنگائی نے معاشرے کے کمزور طبقات کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، اس لیے حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ خواجہ سرا برادری کو بھی ریلیف مل سکے۔

More News