نئے ایل این جی گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی ستمبر میں ختم ہونے کا امکان
اسلام آباد: نئے گھریلو ایل این جی گیس کنکشنز کے منتظر شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ قطر میں فورس میجور کی مدت ختم ہونے کے بعد کنکشنز پر عائد پابندی اٹھائے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق رواں سال ستمبر سے نئے گھریلو ایل این جی کنکشنز بحال کیے جا سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر نے ایل این جی سپلائی سے متعلق اگست تک فورس میجور نافذ کر رکھا ہے، جس کے باعث مئی میں سپلائی متاثر ہونے کے بعد نئے کنکشنز کا اجرا عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فورس میجور کی مدت ختم ہونے کے بعد ایل این جی سپلائی میں بہتری متوقع ہے، جبکہ موسم میں تبدیلی کے باعث بجلی کے شعبے کی طلب میں بھی کمی آئے گی، جس سے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی دستیابی بہتر ہونے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ پابندی مکمل طور پر ختم کرنے کا حتمی فیصلہ ستمبر میں ایل این جی کی دستیاب سپلائی اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔








