نادرا نے “فیملی کمپوزیشن” کی مفت سہولت متعارف کرا دی، شہری اب خاندانی شجرہ آن لائن دیکھ سکیں گے

نادرا نے “فیملی کمپوزیشن” کی مفت سہولت متعارف کرا دی، شہری اب خاندانی شجرہ آن لائن دیکھ سکیں گے

اسلام آباد(نیوز  ڈیسک )قومی ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں “فیملی کمپوزیشن” (خاندانی شجرہ) کے نام سے نئی مفت سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے خاندان میں رجسٹرڈ تمام افراد کی تفصیلات باآسانی دیکھ سکیں گے۔

نادرا کے مطابق اس سہولت سے استفادہ کرنے کے لیے شہری پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ اِن کرکے “فیملی کمپوزیشن” کے آپشن پر کلک کریں، جس کے بعد نادرا کے ریکارڈ میں موجود خاندان کے تمام افراد کی فہرست اسکرین پر ظاہر ہو جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر فہرست میں کسی غیر متعلقہ شخص کا نام شامل ہو تو صارف “رپورٹ انٹروڈر” کے آپشن کے ذریعے فوری طور پر نادرا کو آگاہ کر سکتا ہے، جس کے بعد متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور ضروری کارروائی کی جائے گی۔

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنے خاندانی ریکارڈ کا جائزہ لیتے رہیں تاکہ کسی بھی غلط اندراج یا غیر متعلقہ فرد کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ سہولت شناختی ریکارڈ کے نظام کو مزید شفاف، محفوظ اور درست بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

مزید معلومات کے لیے شہری نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

More News