نادرا کا نیا فیملی ٹوکن متعارف، خاندان کے تمام افراد کی ایک ساتھ پراسیسنگ
اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کے لیے نئی سہولت متعارف کراتے ہوئے فیملی ٹوکن سسٹم شروع کردیا، جس کے تحت ایک خاندان کے تمام افراد کے لیے الگ الگ ٹوکن لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اب اہل خانہ کے ہمراہ نادرا مرکز آنے والے شہری ایک ہی فیملی ٹوکن حاصل کرسکیں گے، جس کے بعد خاندان کے تمام افراد کی متعلقہ درخواستوں پر ایک ہی ون ونڈو کاؤنٹر سے کارروائی کی جائے گی۔
نادرا کے مطابق اس سہولت کا مقصد خاندان کے متعدد افراد کے شناختی دستاویزات سے متعلق امور کو آسان اور کم وقت میں مکمل کرنا ہے۔ شہریوں کو مختلف کاؤنٹرز پر بار بار جانے اور الگ الگ ٹوکن لینے کی زحمت بھی نہیں اٹھانا پڑے گی۔
نئی سہولت سے شناختی کارڈ اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی پراسیسنگ کے دوران انتظار اور اضافی مراحل میں کمی آئے گی، جبکہ خاندان کے افراد کے معاملات ایک ہی کاؤنٹر پر نمٹائے جاسکیں گے۔
شہری نادرا مرکز پہنچنے کے بعد فیملی ٹوکن حاصل کرسکتے ہیں۔ مزید رہنمائی کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 1777 یا سرکاری ویب سائٹ سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔








