نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں مالیاتی، قانونی اور آئی ٹی ماہرین شامل کرنے کی ہدایت

نجکاری کمیشن میں اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت، مالیاتی، قانونی اور آئی ٹی ماہرین شامل کیے جائیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کے عمل کو تیز کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ ایک ماہ کے اندر تمام اصلاحاتی اقدامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے کمیشن کی افرادی قوت میں مالیاتی، قانونی اور آئی ٹی شعبوں کے ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ نجکاری کا عمل زیادہ شفاف، مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری، سرمایہ کاروں کی دلچسپی، پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور نجکاری کمیشن کے متعلقہ افسران نے شرکت کی اور جاری منصوبوں پر پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے منعقد کیے گئے روڈ شوز کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر، طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق اور بہترین حکمت عملی کے تحت مکمل کیے جائیں تاکہ قومی اثاثوں کی نجکاری سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ نجکاری کے ہر مرحلے میں عالمی معیار کی پیشہ ورانہ خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بہترین صلاحیتوں کے حامل مالیاتی اور قانونی کنسلٹنٹس کی سفارشات کو مدنظر رکھا جائے اور تمام قانونی تقاضوں، مالیاتی ریگولیشن فریم ورک اور انتظامی معاملات کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر سے بچا جا سکے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نجکاری کا مقصد صرف سرکاری اداروں کی ملکیت کی منتقلی نہیں بلکہ ان کی کارکردگی میں بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ہر صورت ترجیح دی جائے اور بجلی صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک جامع، مؤثر اور شفاف انتظامی نظام قائم کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم بنانے، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کا شفاف اور مؤثر نظام نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھائے گا بلکہ ملکی معیشت میں بہتری، روزگار کے نئے مواقع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اصلاحاتی عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور مقررہ اہداف کے مطابق تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

More News