نظامِ شمسی کی تشکیل کے راز جاننے کے لیے اہم خلائی مشن تیار
جاپان کا مشن مریخ کے چاند فوبوس سے نمونے حاصل کرے گا
ٹوکیو: جاپان نے مریخ کے چاندوں کے راز جاننے اور نظامِ شمسی کی تشکیل سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک اہم خلائی مشن کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
جاپانی خلائی ادارے کا بغیر انسان کے خلائی مشن مارٹین مونز ایکسپلوریشن (MMX) آئندہ چند ماہ میں تانیگاشیما خلائی مرکز سے روانہ کیا جائے گا۔
خلائی جہاز تقریباً تین سال مریخ کے مدار میں رہے گا اور مریخ کے چاند فوبوس پر اترنے کی کوشش کرے گا۔ فوبوس کی سطح سے کم از کم 10 گرام نمونے حاصل کیے جائیں گے، جبکہ آئیڈیفکس نامی گاڑی چاند کی سطح کا مشاہدہ کرے گی۔
مریخ کے دوسرے چاند ڈیموس کا بھی مشاہدہ کیا جائے گا، تاہم وہاں اترنے کی کوشش نہیں کی جائے گی۔
مشن مکمل ہونے کے بعد نمونوں پر مشتمل واپسی کیپسول زمین کی جانب روانہ ہوگا اور 2031 میں آسٹریلیا میں اترنے کی توقع ہے۔
جاپانی خلائی ادارے کے مطابق مشن کا مقصد مریخ اور اس کے چاندوں کی تشکیل کی تاریخ جاننا اور نظامِ شمسی کی ابتدائی تشکیل سے متعلق شواہد حاصل کرنا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق مریخ کے چاندوں کی ابتدا سے متعلق ایک نظریہ یہ ہے کہ وہ مریخ سے ہونے والے ایک بڑے فلکیاتی تصادم کے نتیجے میں وجود میں آئے، جبکہ دوسرے نظریے کے مطابق یہ بیرونی نظامِ شمسی سے آنے والے سیارچے ہیں جنہیں مریخ کی کششِ ثقل نے اپنی جانب کھینچ لیا۔
ماہرین کے مطابق ان نظریات میں سے درست نظریے کا تعین کرنے سے یہ سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ زمینی سیاروں پر زندگی کے لیے سازگار ماحول کیسے تشکیل پایا۔





