نواز شریف کا میرپور جلسے سے خطاب، آزاد کشمیر کی ترقی کا عزم
میرپور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کے بعد آزاد کشمیر میں آنے والی حکومتوں نے علاقے کی ترقی کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔
میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرپور ایک خوبصورت شہر ہے، تاہم اسے جتنا خوبصورت اور ترقی یافتہ ہونا چاہیے تھا، اتنا نہیں ہے۔ ان کے دور میں شروع کیے گئے بعض ترقیاتی منصوبے بھی مکمل نہ ہوسکے۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس عزم کے ساتھ آئی ہے کہ میرپور اور آزاد کشمیر کی تقدیر بدلنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو وہ اپنا گھر سمجھتے ہیں اور لاہور کی طرح کشمیر بھی انہیں عزیز ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے سیاسی انداز میں کہا کہ ’’کشمیر کو کشمور اور میرپور کو میرپور خاص نہ سمجھنا‘‘۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان نوک جھونک ہونی چاہیے، تاہم تلخی، لڑائی اور مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم دینا مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، آزاد کشمیر میں اسکول اور یونیورسٹیاں بنائی جائیں گی اور صحت کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دل اور کینسر کے اسپتال قائم کیے جارہے ہیں، اسی طرح آزاد کشمیر کے اسپتالوں میں بھی جدید سہولیات، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی سہولت ہونی چاہیے تاکہ کشمیری عوام کو علاج کے لیے اسلام آباد کا رخ نہ کرنا پڑے۔








