ٹانک میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 12 خوارج ہلاک، 15 جوان شہید

ٹانک میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 12 خوارج ہلاک، 15 جوان شہید

راولپنڈی: ضلع ٹانک میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے دوران بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں فوج کے 12 جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کے ایک سرکاری عہدیدار سمیت 15 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 12 خوارج ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں مشترکہ چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی چیک پوسٹ کا سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش ناکام بنادی اور فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے بوکھلاہٹ میں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے شدید دھماکے سے چیک پوسٹ کا بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا اور 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔جن میں فوج کے بارہ جوان، دو پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری عہدیدار شامل ہیں۔

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

More News