نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ، ان کی ترقی روشن مستقبل کی ضمانت ہے: صدر، وزیراعظم
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغامات میں نوجوانوں کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنا مضبوط، خوشحال اور پُرامن پاکستان کے لیے ناگزیر ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے نوجوان ملک کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، جبکہ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ نوجوان خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت کو فروغ دینا بھی ملکی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کررہا ہے۔ نوجوان دیانت داری، برداشت اور ہمدردی جیسی اقدار اپناتے ہوئے قومی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر کے نوجوان مختلف حالات میں زندگی گزارنے کے باوجود روشن مستقبل کے یکساں خواب اور امنگیں رکھتے ہیں۔ پاکستانی نوجوانوں نے بھی مختلف شعبوں میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔ نوجوانوں کو جدید تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارت، روزگار، کاروبار، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت تیار کررہا ہے جبکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مزید فعال کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ محنت جاری رکھیں، کیونکہ نوجوانوں کی ترقی ہی پاکستان کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے





