نوشہرہ: غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف گرینڈ آپریشن، 3 ایکسکیویٹرز سمیت مشینری غیر فعال

نوشہرہ: غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف گرینڈ آپریشن، 3 ایکسکیویٹرز سمیت مشینری غیر فعال

نوشہرہ کی تحصیل جہانگیرہ کے علاقوں جبئی اور چائینا پلانٹ ایریا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے تین ایکسکیویٹرز، ایک ٹریکٹر ٹرالی اور دیگر مشینری و آلات غیر فعال کردیے۔

11 نومبر 2026 کو اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ اسکواڈرن لیڈر (ر) امان اللہ کی زیر نگرانی کارروائی کی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر ون نوشہرہ، پولیس، محکمہ مائنز اینڈ منرلز، محکمہ ریونیو اور ٹی ایم اے جہانگیرہ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران غیر قانونی سونے کی کان کنی میں استعمال ہونے والی تین ایکسکیویٹرز، ایک ٹریکٹر ٹرالی اور دیگر مشینری و آلات موقع پر موجود پائے گئے، جنہیں متعلقہ حکام نے فوری طور پر غیر فعال کردیا۔ اس کے علاوہ چائینا پلانٹ کو بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی، قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کان کنی سے قومی وسائل کو نقصان پہنچنے کے ساتھ قدرتی ماحول اور سرکاری زمین بھی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں۔

ضلعی انتظامیہ نوشہرہ کے مطابق قومی و قدرتی وسائل کے تحفظ اور غیر قانونی کان کنی کے خاتمے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

More News