صوابی: محکمہ مال میں بڑی انتظامی تبدیلی، تمام پٹواریوں کے تبادلوں کے احکامات جاری
ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے ضلع بھر کے 100 فیصد پٹواریوں کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد محکمہ مال میں شفافیت، انتظامی نگرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پٹواریوں کے تبادلوں کا فیصلہ انتظامی اصلاحات، میرٹ اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے، جوابدہی کے نظام کو مؤثر کرنے اور ریونیو سے متعلقہ امور میں شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر صوابی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سرکاری محکموں میں اصلاحات اور سروس ڈلیوری کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
انتظامیہ کے مطابق شہریوں کو ریونیو سے متعلقہ خدمات بروقت، شفاف اور بلاامتیاز فراہم کرنا اس اقدام کا بنیادی مقصد ہے۔







