نیوزی لینڈ میں پہلی بار مہلک ایچ فائیو برڈ فلو وائرس کی تصدیق، نگرانی سخت کردی گئی

نیوزی لینڈ میں پہلی بار مہلک ایچ فائیو برڈ فلو وائرس کی تصدیق، نگرانی سخت کردی گئی

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں پہلی بار مہلک ایچ فائیو برڈ فلو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد حکام نے ملک بھر میں نگرانی اور احتیاطی اقدامات مزید سخت کردیئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ویلنگٹن کے پیٹون بیچ پر مردہ حالت میں ملنے والے براؤن اسکوا نامی سمندری پرندے میں ایچ فائیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بایو سیکیورٹی اور فوڈ سیفٹی کے وزیر اینڈریو ہوگارڈ نے کہا کہ فی الحال جنگلی پرندوں میں بڑے پیمانے پر اموات یا وائرس کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کے شواہد نہیں ملے، جبکہ ملک کے پولٹری فارمز میں بھی وائرس کی موجودگی رپورٹ نہیں ہوئی۔

وزیر اینڈریو ہوگارڈ کے مطابق عام شہریوں کیلئے وائرس سے خطرہ انتہائی کم ہے کیونکہ ایچ فائیو برڈ فلو شاذ و نادر ہی انسانوں کو متاثر کرتا ہے اور اس کیلئے بیمار پرندوں کے ساتھ براہ راست، قریبی اور طویل رابطہ ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ انڈے اور مرغی کا گوشت کھانا محفوظ ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیمار یا مردہ پرندوں کو ہاتھ نہ لگائیں اور اگر ایک ہی مقام پر تین یا اس سے زیادہ متاثرہ پرندے نظر آئیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے محکمہ تحفظ ماحولیات نے احتیاطی اقدامات کے تحت ملک کی نایاب پرندوں کی نسلوں، جن میں کاکاپو اور تاکاہے بھی شامل ہیں، کے تقریباً 300 افزائشی پرندوں کی ویکسینیشن شروع کردی ہے تاکہ ممکنہ وبا سے ان کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

یہ پیش رفت گزشتہ ماہ آسٹریلیا میں ایچ فائیو برڈ فلو کی تصدیق کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے بعد نیوزی لینڈ بھی خطے میں اس وائرس سے متاثر ہونے والا تازہ ترین ملک بن گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایچ فائیو برڈ فلو 2021 سے دنیا بھر میں جنگلی پرندوں اور ممالیہ جانوروں میں پھیل رہا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں جانور ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ متعدد پولٹری اور ڈیری فارمز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

More News