نیپرا نے بجلی کے شعبےمیں ویلنگ آکشن پراسس کی منظوری دے دی

بجلی کے شعبے میں بڑی اصلاحات، نیپرا نے ویلنگ آکشن پراسس کی منظوری دے دی

اسلام آباد: ملک کے بجلی کے شعبے میں اہم اصلاحات کرتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ویلنگ آکشن پراسس کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت خریدار اب براہ راست پاور پلانٹس سے بجلی خرید سکیں گے۔

نیپرا کے مطابق اس نئے نظام کے تحت کم از کم ایک میگاواٹ بجلی خریدنا لازمی ہوگا، جبکہ خریدار کو بجلی اپنی کھپت کے مقام تک منتقل کرنے کے لیے گرڈ چارجز بھی ادا کرنا ہوں گے۔ اس اقدام سے ملک میں مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔

ذرائع کے مطابق آزاد مارکیٹ آپریٹر کی جانب سے نیپرا میں ویلنگ آکشن کا مسودہ جمع کرایا گیا تھا، جس کی منظوری کے بعد آئندہ پانچ سال کے دوران آٹھ سو میگاواٹ بجلی بڑے صارفین کو نیلام کی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں جون کے مہینے میں دو سو میگاواٹ بجلی آکشن کے لیے پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب نیپرا نے مسابقتی مارکیٹ آپریشنز سے متعلق بھی اہم فیصلہ جاری کیا ہے، جسے وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سنگل بائر ماڈل سے مسابقتی بجلی مارکیٹ کی جانب منتقلی کا آغاز ہوگا، جبکہ شفاف اور مارکیٹ بیسڈ پاور سسٹم حکومت کی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آٹھ سو میگاواٹ بجلی کی طلب کو مرحلہ وار دو طرفہ کنٹریکٹنگ پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اور آئندہ بجلی کی خریداری شفاف، خودکار اور مسابقتی نیلامی کے ذریعے کی جائے گی۔

More News