ملک میں پیٹرول اورڈیزل کا اسٹاک تسلی بخش قرار

پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی، حکومت کا دعویٰ

اسلام آباد:

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیش نظر پاکستان میں توانائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر تسلی بخش ہیں اور سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم ہے۔ مزید بتایا گیا کہ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات بھی یقینی بنا لی گئی ہیں، جبکہ مقامی ریفائنریز معمول کے مطابق پیداوار جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حکومت عالمی و مقامی قیمتوں کے فرق کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ توانائی کی سپلائی میں کسی بھی ممکنہ خلل سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے ساتھ تیل کی فراہمی کے لیے تعاون جاری ہے تاکہ ملک میں ایندھن کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ہر صورت پیٹرول کی مسلسل فراہمی یقینی بنائے گی اور توانائی سیکیورٹی و مارکیٹ استحکام کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

More News