ورلڈ کپ 2027 کیلئے کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں سامنے آگئیں
ورلڈ کپ 2027 کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی فہرست سامنے آگئی ہے، جبکہ دو مرتبہ کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز ایک بار پھر براہِ راست جگہ بنانے میں ناکام ہوگئی۔
ورلڈ کپ 2027 کی میزبانی جنوبی افریقا اور زمبابوے مشترکہ طور پر کریں گے۔ براہِ راست کوالیفائی کرنے کے لیے ٹیموں کی کارکردگی اور مقررہ کٹ آف ڈیٹ تک رینکنگ کو مدنظر رکھا گیا، جبکہ افغانستان نے بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش، جنوبی افریقا، زمبابوے اور افغانستان شامل ہیں۔
دوسری جانب دسویں پوزیشن پر موجود ویسٹ انڈیز کو بھارت کے خلاف مزید دو ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، تاہم ان دونوں مقابلوں میں کامیابی بھی اسے براہِ راست ورلڈ کپ میں پہنچانے کے لیے کافی نہیں ہوگی۔
ویسٹ انڈیز کو اب فروری میں ورلڈ کپ کوالیفائرز کا مرحلہ کھیلنا ہوگا۔ یوں ویسٹ انڈیز مسلسل دوسری مرتبہ کوالیفائرز میں شرکت کرے گی۔ اس سے قبل بھی ویسٹ انڈیز 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی اور کوالیفائرز کھیلنے پڑے تھے۔
کرکٹ شائقین کے لیے ویسٹ انڈیز کا مسلسل دوسری بار کوالیفائر مرحلے میں جانا ایک غیر معمولی صورتحال ہے، کیونکہ یہ ٹیم ماضی میں عالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہوتی رہی ہے۔







